معرکہ حق میں کامیابی بہترین کارکردگی کا مظہر ہے، آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو شکست دی، 10 مئی کو دشمن کے ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا
ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں گریجوایشن کی تقریب سے خطاب
رسالپور(آئی این پی )پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے معرکہ حق کی فتح تینوں افواج کی ہم آہنگی، جارحانہ فیصلہ سازی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کا نتیجہ ہے، قومی خودمختاری کو دوبارہ چیلنج کیا گیا، تو ہمارا دشمن پاک فضائیہ کو کہیں زیادہ مضبوط اور بہتر تیار پائے گا، آپریشن بنیان مرصوص میں ہم نے دشمن کو شکست دی، 10 مئی کو دشمن کے ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا، ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، پاک فضائیہ کے ہر فرد کو ان کے پیشہ ورانہ طرزِ عمل اور مشکل حالات میں سخت محنت کے لیے خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ منگل کوپی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں گریجویشن کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پی اے ایف اکیڈمی میں سعودی کیڈٹس کی موجودگی دونوں عظیم ممالک اور ان کی مسلح افواج کے درمیان مضبوط دوستی اور تعاون کی علامت ہے۔انہوں نے کیڈٹس کو مخاطب کیا کہ آپ کو مادرِ وطن کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے مقدس مقصد کا امین بنایا گیا ہے، پوری قوم کی امیدیں آپ کے نوجوان کندھوں پر ہیں، قوم اور پاکستان کی مسلح افواج نے اتحاد کی شاندار مثال پیش کرتے ہوئے دشمن کو اس کی عددی برتری کے باوجود شکست سے دوچار کیا۔