پولیس پر 9مئی سے متعلق دبائو ڈا جارہاہے، سیاست میں نہ گھسیٹیں سہیل آفریدی

بند کمروں میں فیصلوں سے بہت نقصانات ہوئے‘ غلط پالیسیوں کی وجہ سے یہاں امن قائم نہیں ہو رہا اور ہم دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہیں
 آج ہم بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا پولیس نے 22 سال سے قربانیاں دی ہیں اور اب بھی دے رہی ہے
پشاور(آئی این پی )وزیرِ اعلی خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے کہا ہے  پولیس پر 9 مئی سے متعلق دبا ئو ڈالا جا رہا ہے، پولیس کو سیاست میں مت گھسیٹیں۔  اپنے ایک بیان میں سہیل آفریدی نے  کہا   کہ آج ہم بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں، بند کمروں میں فیصلوں سے بہت نقصانات ہوئے، غلط پالیسیوں کی وجہ سے یہاں امن قائم نہیں ہو رہا اور ہم دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہیں۔ان کا کہنا ہے  خیبر پختونخوا پولیس نے 22 سال سے قربانیاں دی ہیں اور اب بھی دے رہی ہے، ہماری پولیس کی بے توقیری کی گئی، تاہم ہم جو کر رہے ہیں صدقِ دل سے کر رہے ہیں۔انہوں نے پولیس پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے جو مانگا میں نے انکار نہیں کیا، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ ہماری کان اور آنکھ ہیں اور انہیں جدید سہولتوں سے آراستہ کر رہے ہیں، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ میں نئی بھرتیاں بھی کی جا رہی ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ پولیس پر 9 مئی سے متعلق دبا ئو ڈالا جا رہا ہے، لیکن پولیس کسی دبائو میں نہیں آرہی اور جو لوگ دبائو ڈال رہے ہیں وہ ایسا نہ کریں، پولیس کو سیاست میں مت گھسیٹیں۔انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی پشاور پراجیکٹ کا جلد افتتاح ہو جائے گا اور ضم اضلاع سمیت پورے صوبے میں سیف سٹی شروع کرنے جا رہے ہیں۔