قیام امن کیلئے وفاقی حکومت کو اعتماد میں لے کر جلد وفد افغانستان بھیجیں گے: وزیراعلی پختونخوا
پشاور (آئی این پی )وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے وفاقی حکومت کو اعتماد میں لے کر جلد ایک وفد افغانستان بھیجیں گے، افغانستان کی وجہ سے خیبرپختونخوا متاثر ہو رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان میں قیام امن کے لیے افغانستان جرگہ بھیجنے کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت نے افغان حکومت سے رابطہ کیا تاہم امارات اسلامی افغانستان کے 2 اہم حکومتی عہدیداروں کے سعودی عرب کے دورے پر ہونے کے باعث ملاقات میں تاخیر ہو رہی ہے۔۔ اس حوالے سے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ افغانستان کی وجہ سے خیبر پختونخوا متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز بنا کر اور وفاقی حکومت کو اعتماد میں لے کر جلد وفد افغانستان بھیجیں گے، بات چیت کے لیے جرگہ بنائیں گے جس میں مختلف اقوام کے نمائندے شامل ہوں گے۔