بھارتی دارالحکومت دہلی میں 62 سالہ سافٹ ویئر کنسلٹنٹ کمل سنگھ نے مبینہ طور پر ویب سیریز 'دی اسٹیئر کیس' سے متاثر ہو کر اپنی اہلیہ کومل سنگھ کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 30 جولائی کو گھر میں اکیلے ہونے کے دوران ملزم نے پہلے تلوار سے حملہ کیا، تاہم اہلیہ کے بچ نکلنے پر انہیں گھسیٹ کر واپس کمرے میں لایا اور قینچی کے متعدد وار کر کے قتل کر دیا۔ واردات کے بعد ملزم خون آلود کپڑے اور تلوار ایک بیگ میں ڈال کر فرار ہو گیا اور راستے میں تلوار پھینک دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بینک سے تقریباً 7 لاکھ روپے نکلوائے جبکہ گھر سے پہلے ہی 5 لاکھ روپے نقد لے چکا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج، تکنیکی نگرانی اور الیکٹرانک شواہد کی مدد سے پولیس نے تین روز بعد اسے ایک ریلوے اسٹیشن کے قریب سے گرفتار کر لیا، جہاں سے رقم اور اسکوٹر بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے ویب سیریز سے متاثر ہو کر قتل کے بعد تلوار غائب کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی تاکہ شواہد کمزور کیے جا سکیں۔ پولیس کے مطابق ملزم نیپال فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں جائیداد کا تنازع اور گزشتہ ایک سال سے جاری ازدواجی کشیدگی کو قتل کی بنیادی وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔