ٹریفک اسسٹنٹس کی ترقی کیلئے اے لسٹ امتحان

لاہور (کرائم رپورٹر) پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ٹریفک اسسٹنٹس کی محکمانہ ترقی کے لیے اے لسٹ امتحان منعقد کیا گیا، جس کی نگرانی سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کی۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈکوارٹر فخر بشیر راجہ، ریزرو انسپکٹر ہیڈکوارٹر اور آفس سپرنٹنڈنٹ بھی موجود تھے۔ امتحان میں ٹریفک اسسٹنٹ سے سینئر ٹریفک اسسٹنٹ کے عہدے پر ترقی کے لیے 209 امیدواروں نے حصہ لیا۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ امتحان مکمل شفافیت، میرٹ اور غیر جانبداری کے اصولوں کے تحت منعقد کیا گیا، جبکہ کسی بھی امیدوار کو ناجائز فائدہ یا اثرورسوخ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امتحانی مرکز میں موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز لانے پر پابندی رہی اور امتحانی عمل کی مکمل آڈیو و ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے لسٹ میں کامیاب امیدوار بی لسٹ کا امتحان پاس کرنے کے بعد سینئر ٹریفک اسسٹنٹ کے عہدے پر ترقی کے اہل ہوں گے۔