24 گھنٹوں کے دوران 1276 ٹریفک حادثات

موٹرسائیکل حادثات 78 فیصد رہے، لاہور کا پہلا نمبر، 653 شدید زخمی ہسپتال منتقل کیے گئے 
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1276 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 653 افراد شدید زخمی ہوئے اور انہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 813 معمولی زخمیوں کو جائے حادثہ پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق 78 فیصد حادثات موٹرسائیکلوں کے تھے، اس لیے ٹریفک قوانین، لائن اور لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی مانیٹرنگ سیل کے مطابق حادثات میں 839 ڈرائیور، 55 کم عمر ڈرائیور، 462 مسافر اور 176 پیدل چلنے والے متاثر ہوئے۔ لاہور میں 239 حادثات اور 276 متاثرین کے ساتھ سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ ملتان 84 حادثات اور فیصل آباد 75 حادثات کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ مجموعی طور پر 1477 متاثرین میں 1208 مرد اور 269 خواتین شامل تھیں، جبکہ حادثات میں 1378 موٹرسائیکلیں، 92 آٹو رکشے، 142 کاریں، 28 وین، 41 مسافر بسیں، 41 ٹرک اور 64 دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔