راولپنڈی (آن لائن)جمہوریہ صومالیہ کے وزیرِ دفاع احمد معلم فقی کی زیر قیادت اعلی سطح کے وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے عسکری سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا، صومالیہ کے وزیر دفاع نے پاکستان کی حمایت اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا، فیلڈ مارشل نے صومالیہ کے سکیورٹی نظام کو مضبوط بنانے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں صومالیہ کی معاونت کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔