غزہ میں جاری اسرائیلی حملے بھوک، تباہی اور فلسطینی کاز کو ختم کرنے کی جنگ ہے
اسرائیل کی غزہ میں جنگ کا مقصد فلسطینیوں کو بھوکا مار کر ان کی جدوجہد کو کچلنا ہے
قاہرہ(آئی این پی )مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے واضح کیا ہے مصر فلسطینیوں کی جلا وطنی کی نہ تو حمایت کرے گا اور نہ ہی اس عمل میں شریک ہوگا،انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کو "بھوک، تباہی اور فلسطینی کاز کو ختم کرنے کی جنگ" قرار دیا ۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق صدر السیسی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے کنٹرول میں موجود رفح گزرگاہ سے امدادی سامان کی ترسیل میں بڑی رکاوٹ حائل ہے، جس کی وجہ سے 5 ہزار سے زائد امدادی ٹرک مصری علاقے میں کھڑے ہیں۔مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جنگ کا مقصد سیاسی مقاصد کا حصول یا یرغمالیوں کی رہائی نہیں رہا بلکہ اب اسرائیل کی غزہ میں جنگ عوام کو بھوکا رکھنا، ان کی نسل کشی اور فلسطینیوں کی جدو جہد کو ختم کرنا بن گئی ہے۔