اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں مخبر کے تحفظ اور نگرانی کے کمیشن کے قیام کا بل پیش کیا جسے قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ڈپٹی اسپیکر نے قائمہ کمیٹی کو 15روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔بل کے متن کے مطابق کوئی بھی فرد، ادارہ یا ایجنسی کمیشن کے سامنے معلومات پیش کر سکتا ہے۔ مخبر ڈکلیریشن دے گا کہ اس کی معلومات درست ہیں، پھر معلومات کو دستاویزات اور مواد کے ساتھ تحریر کیا جائے گا۔اگر مخبر اپنی شناخت ظاہر نہیں کرتا اور جعلی شناخت دے تو کمیشن اس کی معلومات پر ایکشن نہیں لے گا۔ اگر مخبر کی معلومات پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے خلاف ہو تو وہ نہیں لی جائے گی۔مخبر کی معلومات اگر پاکستان کے سیکیورٹی، اسٹریٹجک اور معاشی مفاد کے خلاف ہو تو وہ معلومات نہیں لی جائے گی جبکہ مخبر سے غیر ملکی ریاستوں کے ساتھ تعلقات سے متعلق معلومات بھی نہیں لی جائے گی