اسٹیبلشمنٹ اور حکومت دونوں پنجاب پولیس بن گئی ہیں سہیل آفریدی

 مسلح جتھے نہیں ہم سیاسی لوگ ہیں،خیبرپختونخوامیں ہونے والی بدامنی پورے ملک پر اثر انداز ہوگی‘غریب خودکشی کا سوچ رہا ہے:وزیراعلی
لیاقت باغ میں پر امن طریقے سے  مطالبات کیلئے احتجاج کرینگے‘ احتجاج صرف ایک دن  ہو گا جس میں بڑے پیمانے پر عوام شرکت کرینگے:جنید اکبر
اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے  لیاقت باغ راولپنڈی میں9اپریل کے پرامن  جلسے کیلئے این او سی جاری کیا جائے، اگرحکومت نے جلسے کے انعقاد میں روڑے اٹکانے کی کوشش کی تو ہر جگہ پر احتجاج کیا جائے گا۔سوموار کو خیبر پختونخوا ہائوس میں پارٹی کے صوبائی صدر،جیند اکبر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی پریس کانفرنس کے موقع پر صوبائی صدر جنید اکبر خان نے کہاکہ 9 اپریل کو لیاقت باغ میں احتجاج کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ  لیاقت باغ میں پر امن طریقے سے اپنے مطالبات کے لئے احتجاج کرینگے۔انہوں نے کہاکہ یہ احتجاج صرف ایک ہی دن کا ہو گا جس میں بڑے پیمانے پر عوام شرکت کرینگے۔ اس احتجاج کے لئے ہم نے قانونی طور پر این او سی کے لئے درخواست دی ہے ہمیں قانون کے مطابق احتجاج کی اجازت دی جائے،انہوں نے کہاکہ اپنے حق کے لئے احتجاج کرنا ہے اسکی اجازت دی جائے،اگر اجازت نہیں دی گئی تو جگہ جگہ احتجاج کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ پورے پاکستان کو سوچنا چاہیے کہ ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔یہ لوگ جو مسلط ہوئے ہیں پاکستان کو کس طرف لے کر جا رہے ہیںانہوں نے کہاکہ اگر ان کے آنے سے پہلے پاکستان میں معاشی اور صنعتی گروتھ کم تھا اور آج وہ بڑھ رہا ہے تو پھر ٹھیک ہے، اگر آج پاکستان ترقی کر رہا ہے تو پھر ٹھیک ہے لیکن یہ سب کچھ نہیں ہو رہا ہے۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا آج مہنگائی اتنی زیادہ ہو گئی ہے  عام عوام کا گزارا مشکل ہے۔انہوں نے کہا ملٹری آپریشن نہ پہلے کسی مسئلے کا حل تھا نہ اب کسی مسئلے کا حل ہے انہوں نے کہاکہ صوبے میں 22 بڑے آپریشن ہوئے اور ہزاروں انٹیلیجنس بیس آپریشن ہوئے، انہوں نے کہا ہم مسلح جتھے نہیں ہم سیاسی لوگ ہیں،کے پی کے میں ہونے والی بدامنی پورے ملک پر اثر انداز ہوگی انہوں نے کہا اسٹیبلشمنٹ اور حکومت دونوں پنجاب پولیس بن گئی ہے، ہمارے ملک کا غریب خودکشی کا سوچ رہا ہے، انہوں نے کہاکہ حکومت صرف جلسے کا این او سی جاری کرے ہر انتظام ہم خود کریں گے انہوں نے کہاکہ سٹیج ساونڈ سسٹم، اور کارکنوں کا لانا سب انتظام ہم خود کریں گے،  انہوں نے کہاکہ ہم حکومت کو کہتے ہیں آپ جب چاہیں خیبر پختونخواہ میں آئیں ہم آپکو جلسے کا انتظام کرکے دیں گے۔