شہرمیں سکولوں کے باہر ٹریفک حادثات میں اضافہ کے باعث ایجوکیشن اتھارٹی نے ایک اہم اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت 10 اہم سکولوں کے باہر زبیرا کراسنگ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ اقدام سکولوں کے باہر ہونے والے ٹریفک حادثات کو کم کرنے اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔پرنسپل رانا عطا محمد نے اس بات کا ذکر کیا کہ شہر میں شہریوں کی آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے 2024 میں سکولوں کے باہر حادثات میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زبیرا کراسنگ کے قیام سے نہ صرف بچوں کی حفاظت بڑھے گی بلکہ سڑک پار کرتے وقت ان کے لیے محفوظ راستے فراہم ہوں گے۔ایجوکیشن اتھارٹی نے 10 اہم سکولوں کی شاہراؤں پر زبیرا کراسنگ بنانے کے لیے ایک ٹائم لائن بھی مقرر کی ہے۔
ان سکولوں کے مرکزی دروازوں کے باہر 10 روز کے اندر زبیرا کراسنگ بنائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی چھٹی کے دوران بچوں کو سڑک پار کرانے کے لیے ایک ٹیچر کو تعینات کرنا بھی ضروری ہوگا۔ایجوکیشن اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ اگر 10 روز کے اندر اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تو سکول کے سربراہان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد سکولوں کے باہر ٹریفک حادثات کو کم کرنا اور بچوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔