اسلام آباد: صدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کو سیاسی بیانات کے بجائے اپنے صوبوں کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پر توجہ دینی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی بیان بازی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو سیاسی بیان بازی نہیں بلکہ بنیادی مسائل کا حل چاہیے۔ عبدالعلیم خان نے امید ظاہر کی کہ اب سیاسی بیان بازی کا سلسلہ ختم ہوگا اور صوبوں میں ترقیاتی کاموں پر توجہ دی جائے گی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ الزام تراشی جمہوریت یا عوام کی خدمت نہیں، اور ملک و قوم کا استحکام اور نظام کا تسلسل اصل ترجیح ہے۔ انہوں نے باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے قومی مسائل کے حل پر زور دیا اور کہا کہ پنجاب اور سندھ دونوں میں استحکام کے خواہاں ہیں۔