وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں ہونہار اسکالرز شپ اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کیا، جس کے تحت 70 ہزار درخواستوں میں سے 30 ہزار طلبہ و طالبات کو اسکالرشپ دی جائے گی۔
18 ہزار طلبا اور 12 ہزار طالبات کو اسکالر شپ ملے گی۔ تقریب میں مریم نواز نے کہا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری میری ذمہ داری ہے اور اصل سیاستدان وہی ہوتا ہے جو نئی نسل کی ترقی میں کردار ادا کرے۔تقریب کا آغاز پنجاب یونیورسٹی میں قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا، جبکہ جی سی یونیورسٹی کے میوزیکل سوسائٹی گروپ نے قومی ترانہ اور کلام اقبال پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اسکالرز کو پولیس کے چاق و چوبند دستے سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ سیکریٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے اسکیم کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی بار پاکستان کی 15 پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے طلبہ بھی اسکالرشپ کے اہل ہوں گے اور میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرز بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔