وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں دو روزہ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے لیے روابط اور کنیکٹویٹی کو بہتر بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹرانسپورٹ اور کنیکٹویٹی اقتصادی ترقی کے بنیادی ستون ہیں، اور اسمارٹ ٹرانسپورٹ حل مشترکہ خوشحالی کے لئے ناگزیر ہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اس حوالے سے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور جدید ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک کے شعبے میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اپنے تجربات شیئر کریں اور باہمی تعاون کو فروغ دیں تاکہ خطے کی معیشت مضبوط ہو اور لوگوں کو زیادہ فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسیں تجارت کے فروغ اور خطے میں اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کا ذریعہ ہیں۔ عبدالعلیم خان نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ مشترکہ وژن کے تحت کام کرنے کے لیے تیار ہے، تاکہ خطے میں خوشحالی اور ترقی یقینی بنائی جا سکے۔ اس کانفرنس کا مقصد علاقائی روابط کو مضبوط بنا کر اقتصادی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے۔