وفاق نے ایمل کی سکیورٹی واپس لی،پختونخوانے بحال کردی

 سکیورٹی واپس نہیں لی گئی، مزید اہلکار بھی دئیے جا سکتے ہیں، صوبائی حکومت
ضرورت پڑی تو میں خود ان کی سکیورٹی ڈیوٹی انجام دوں گا ، بیرسٹر سیف 
پشاور (خصوصی رپورٹ )خیبرپختونخوا حکومت نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان کو سکیورٹی اہلکار واپس فراہم کر د ئیے ہیں۔ صوبائی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ایمل ولی خان کی سکیورٹی میں کسی قسم کی کمی یا واپسی نہیں کی گئی ،صوبائی حکومت کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ایمل ولی سے ان کے اعتماد اور مرضی کے اہلکاروں کی فہرست حاصل کی گئی ہے تاکہ انہیں بہتر سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔ ترجمان کے مطابق، ایمل ولی کو ضروری سکیورٹی پہلے ہی فراہم کی جا رہی ہے، اور عوام کو بے بنیاد افواہوں کے بجائے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرنی چا ہئیں ،اس سے قبل عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ ایمل ولی خان کی وفاقی اور صوبائی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے ، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ ایمل ولی خان کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ "سیاسی اختلاف اپنی جگہ، مگر ایمل ولی خان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، ضرورت پڑی تو میں خود ان کی سکیورٹی ڈیوٹی انجام دوں گا۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے سیاسی رویے کے باوجود ایمل ولی خان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔