پنجاب سمیت کئی علاقوں میں آج سے پھر بارش کا امکان

دریائے ستلج ، چناب اور راوی میں پانی کے بہائو میں اضافہ متوقع :عرفان کاٹھیا
 گلگت بلتستان ، آزاد کشمیرمیں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کا خدشہ
لاہور، اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)ڈی جی پی ڈیم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب سمیت ملک کے کئی علاقوں میں آج سے 7 اکتوبر کے دوران پھر بارشیں متوقع ہیں ،ملک کے بالائی علاقوں میں 70 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے ،بارشوں کے نئے سپیل کے دوران شدید بارشیں متوقع نہیں تاہم انتظامی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردیں ، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے ستلج ، چناب اور راوی میں پانی کے بہائو میں اضافہ متوقع ہے۔ لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ دریائے چناب میں بھارت کی طرف سے ایک لاکھ کیوسک ،ستلج میں پچاس ہزار اور دریائے راوی میں 35 ہزار کیوسک پانی آسکتا ہے۔ ادھر این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے بھی ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا جس کے مطابق پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، حافظ آباد، سرگودھا اور خوشاب میں بھی بارشیں متوقع ہے۔سندھ ،اسلام آباد، بلوچستان میں بھی بارشیں ہو سکتی ہیں،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں ممکنہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کا خدشہ ہے۔