پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 1370 ٹریفک حادثات، 688 افراد شدید زخمی، ریسکیو 1122 کی رپورٹ
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1370 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں سے 1125 موٹرسائیکلوں کے تھے ، حادثات میں 688 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 879 افراد کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس کے باعث ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں 82 فیصد تعداد موٹر سائیکلوں کے حادثات کی ہے۔ اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح میں کمی لانے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے اور سڑکوں پر لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان حادثات میں 907 ڈرائیورز، 71 کم عمر ڈرائیورز، 511 مسافر اور 169 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق 239 ٹریفک حادثات کی اطلاعات لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور 288 متاثرین کے ساتھ پہلے، ملتان 82 حادثات اور 85 متاثرین کے ساتھ دوسرے، جبکہ فیصل آباد 70 حادثات اور 81 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے مجموعی 1587 متاثرین میں 1265 مرد اور 322 خواتین شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں 338 افراد کی عمریں 18 سال سے کم، 800 افراد کی عمریں 18 سے 40 سال کے درمیان، جبکہ 449 زخمیوں کی عمریں 40 سال سے زائد ہیں۔ ان حادثات میں 1482 موٹر سائیکلیں، 89 آٹورکشے، 141 کاریں، 27 وینز، 21 مسافر بسیں، 48 ٹرک اور 78 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں۔