کرسٹیانو رونالڈو کے 23 سالہ انٹرنیشنل سفر کی 7 تاریخی کامیابیاں

کرسٹیانو رونالڈو کے 23 سالہ انٹرنیشنل سفر کی 7 تاریخی کامیابیاں

لزبن: پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے 23 سالہ شاندار انٹرنیشنل کیریئر کے بعد قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

 41 سالہ اسٹار فٹبالر نے 234 میچز میں 146 گول اسکور کیے اور بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور گول کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔خبر رساں ادارے رائٹرز اور فیفا کے مطابق رونالڈو نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ پرتگال کی قومی ٹیم کی نمبر 7 جرسی آنے والی نسل کے حوالے کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، کیونکہ قومی ٹیم کی نمائندگی ان کے لیے اعزاز اور جذباتی وابستگی کا معاملہ رہی ہے۔ ان کا انٹرنیشنل کیریئر اگست 2003 میں شروع ہوا تھا اور وہ نومبر کے انٹرنیشنل بریک کے بعد قومی ٹیم سے ریٹائر ہوجائیں گے۔رونالڈو نے اپنے 23 سالہ کیریئر کے دوران پرتگال کو کئی تاریخی کامیابیاں دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے کیریئر کے سات نمایاں لمحات درج ذیل ہیں:

 یورو 2004 میں پہلا انٹرنیشنل گول

صرف 19 برس کی عمر میں رونالڈو نے یورو 2004 کے دوران یونان کے خلاف گول کرکے عالمی فٹبال میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ یہ ان کے بین الاقوامی کیریئر کے ابتدائی اہم لمحات میں سے ایک تھا۔

 2006 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی

2006 کے فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پرتگال اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ تک پہنچا، جہاں رونالڈو نے اہم پنالٹی پر گول کرکے اپنی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی میں کردار ادا کیا۔

 سویڈن کے خلاف یادگار ہیٹ ٹرک

2013 میں ورلڈ کپ کوالیفائنگ مقابلے کے دوران رونالڈو نے سویڈن کے خلاف فیصلہ کن میچ میں تین گول اسکور کیے۔ ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت پرتگال نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔

 یورو 2016 کی تاریخی فتح

رونالڈو کے کیریئر کا ایک بڑا سنگ میل یورو 2016 کی فتح تھی۔ فرانس کے خلاف فائنل میں انجری کے باعث انہیں میدان سے باہر جانا پڑا، تاہم وہ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ پرتگال نے فائنل میں فرانس کو شکست دے کر اپنی تاریخ کا پہلا بڑا بین الاقوامی ٹائٹل جیتا۔

 2018 ورلڈ کپ میں اسپین کے خلاف ہیٹ ٹرک

روس میں ہونے والے 2018 فیفا ورلڈ کپ کے دوران اسپین کے خلاف گروپ میچ میں رونالڈو نے تین گول اسکور کیے، جن میں آخری گول ایک شاندار فری کک کے ذریعے تھا۔ ان کی بدولت پرتگال نے مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا۔

 انٹرنیشنل گولز کا عالمی ریکارڈ

2021 میں آئرلینڈ کے خلاف دو گول اسکور کرکے رونالڈو نے اپنے بین الاقوامی گولز کی تعداد 111 تک پہنچائی اور ایران کے علی دائی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ بعد ازاں انہوں نے یہ ریکارڈ مزید بہتر کیا اور 146 گولز کے ساتھ عالمی فٹبال میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

 نیشنز لیگ 2025 میں ایک اور تاریخی کامیابی

2025 میں یوئیفا نیشنز لیگ کے فائنل میں اسپین کے خلاف رونالڈو نے اہم گول اسکور کیا۔ مقررہ وقت میں مقابلہ 2-2 سے برابر رہنے کے بعد پرتگال نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کامیابی حاصل کی اور دوسری مرتبہ نیشنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔رونالڈو نے اپنے کیریئر میں پرتگال کو 2016 کی یورپی چیمپئن شپ اور 2019 اور 2025 کی نیشنز لیگ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ چھ فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بنے۔قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے باوجود رونالڈو کلب فٹبال کھیلنا جاری رکھیں گے اور سعودی عرب کے کلب النصر کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔