ممبئی: بھارت میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جہاں 50 سالہ شخص دانت صاف کرتے ہوئے غلطی سے پورا ٹوتھ برش نگل گیا، تاہم ڈاکٹرز نے بروقت طبی کارروائی کرتے ہوئے اسے بغیر آپریشن کے نکال لیا۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے رہائشی رکشہ ڈرائیور راجندر مالوسرے کو ٹوتھ برش نگلنے کے بعد پیٹ میں ہلکا درد محسوس ہوا، جس پر وہ فوری طور پر اسپتال پہنچ گئے۔اسپتال میں کیے گئے ابتدائی ایکسرے میں ٹوتھ برش دکھائی نہیں دیا، تاہم مزید طبی معائنے کے لیے اینڈوسکوپی کی گئی تو معلوم ہوا کہ تقریباً 19 سینٹی میٹر لمبا ٹوتھ برش ان کے معدے میں پھنسا ہوا ہے۔ڈاکٹرز نے مریض کی حالت اور ٹوتھ برش کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرجری کے بجائے اینڈوسکوپی کے ذریعے اسے نکالنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم ٹوتھ برش کی لمبائی اور سخت ساخت کے باعث طبی عملے کو اسے باہر نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تقریباً 30 منٹ تک جاری رہنے والے اس عمل کے دوران ٹوتھ برش خوراک کی نالی میں دو مقامات پر پھنس گیا، لیکن ڈاکٹرز نے انتہائی احتیاط کے ساتھ اسے منہ کے راستے باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ٹوتھ برش نکالنے کے بعد دوبارہ معائنہ کیا گیا، جس میں خوراک کی نالی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچنے کی تصدیق ہوئی۔ بعد ازاں مریض کی حالت تسلی بخش ہونے پر انہیں تین سے چار گھنٹے کے اندر اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔