مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.29 فیصد اضافہ

مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.29 فیصد اضافہ

اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 12.31 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عام شہریوں کے لیے مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور 20 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ایک سال میں ایل پی جی، ٹماٹر اور بجلی چارجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 114.88 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ٹماٹر 78.89 فیصد اور بجلی کے چارجز 52.38 فیصد مہنگے ہوئے۔اسی طرح گزشتہ ایک سال کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 39.27 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 36.34 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گندم کا آٹا 33.95 فیصد اور مرغی 31.81 فیصد مہنگی ہوئی۔رپورٹ کے مطابق سرخ مرچ پاؤڈر کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر 15.55 فیصد جبکہ مٹن کی قیمت میں 14.54 فیصد اضافہ ہوا۔ پیاز 13.64 فیصد، سادہ روٹی 12.35 فیصد اور گائے کا گوشت 11.06 فیصد مہنگا ہوا۔

سالانہ بنیادوں پر آلو، انڈے اور چینی سستی

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق آلو کی قیمت میں 37.24 فیصد، انڈوں میں 27.59 فیصد اور چینی میں 25.03 فیصد کمی ہوئی۔اسی طرح نمک پاؤڈر 14.09 فیصد، گڑ 7.75 فیصد، دال مسور 7.49 فیصد اور دال مونگ 6.79 فیصد سستی ہوئی، جبکہ چاول اری 6/9 کی قیمت میں 1.79 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

حالیہ ہفتے ٹماٹر اور ایل پی جی سب سے زیادہ مہنگے

ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 54.18 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ایل پی جی 3.72 فیصد اور آلو 2.07 فیصد مہنگے ہوئے۔اس کے علاوہ انڈوں کی قیمت میں 1.17 فیصد، لہسن میں 1.06 فیصد، جلانے والی لکڑی میں 1.01 فیصد اور نمک پاؤڈر میں 0.91 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران سادہ روٹی 0.64 فیصد، تازہ دودھ 0.49 فیصد اور دہی 0.41 فیصد مہنگا ہوا۔

پیٹرول، ڈیزل اور متعدد اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 4.20 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 2.97 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح دال چنا 1.08 فیصد، کیلا 0.85 فیصد اور پیاز 0.82 فیصد سستا ہوا، جبکہ خشک دودھ کی قیمت میں 0.73 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 0.61 فیصد کمی ہوئی۔رپورٹ کے مطابق چینی کی قیمت میں 0.40 فیصد، گندم کے آٹے میں 0.34 فیصد اور دال مونگ میں 0.27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

مہنگائی کا دباؤ برقرار، عام شہری متاثر

وفاقی ادارہ شماریات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 12.31 فیصد تک پہنچنے کے باوجود مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔