قومی اثاثے کو سیاسی مافیا کے چنگل سے آزاد کرکے منافع بخش ادارہ بنائیں گے،مشیراطلاعات
پشاور (آئی این پی )مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی خریداری کے لئے خیبر پختونخوا حکومت ہر حد تک جائیگی، وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو بولی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ قومی اثاثے کو سیاسی مافیا کے چنگل سے آزاد کرکے منافع بخش ادارہ بنائیں گے، پی آئی اے کو اس نہج تک پہنچانے والے مافیا کی بولی میں دلچسپی سمجھ سے بالاتر ہے، جس نے ادارے منافع بخش ادارے کو تباہ کیا وہی بولی میں پیش پیش ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا شریف اور زرداری خاندانوں کی وجہ سے تمام ادارے خسارے میں جکڑے ہوئے ہیں، قومی اثاثوں کو سیاسی مافیا ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو نجی ایئر لائن بنانے کا کوئی ارادہ نہیں،پی آئی اے باعث فخر ادارہ تھا، ہم نہیں چاہتے کہ پی آئی اے کسی غیرملکی کمپنی کے پاس جائے۔ان کاکہناتھا کہ احتجاج کب، کہاں اور کس نوعیت کا ہوگا، یہ فیصلہ پارٹی نے کرنا ہے،احتجاج کتنا طویل اور اس کی سٹریٹیجی کیا ہوگی یہ فیصلے پارٹی کی قیادت نے کرنے ہیں،صوابی کے مقام پر تین روز کااحتجاج ہو گا، جس میں کارکنوں کو شرکت کی دعوت دی جائیگی،حکومت جبر سے قانون سازی کررہی ہے ،حکومت اپنی قابلیت پر نہیں، بائی ڈیفالٹ چل رہی ہے۔