پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ہر ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں مضبوط ہوتی ہے، تاہم اصل فرق تیاری اور حکمتِ عملی کا ہوتا ہے۔
ڈھاکا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کا یہ سیزن پاکستان کے لیے طویل اور اہم ہے، اور یہ پہلی بار ہے کہ ٹیم اس نوعیت کے طویل شیڈول کا سامنا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق امید ہے کہ کنڈیشنز ٹیم کے لیے سازگار ہوں گی اور پاکستان اچھی کارکردگی دکھائے گا۔شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیم کی توجہ صرف کسی ایک سیریز پر نہیں بلکہ ٹیسٹ چیمپئن شپ پر مرکوز ہے، اور ہدف فائنل تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مقصد کے لیے بہترین کرکٹ کھیلنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے بنگلا دیش کی ٹیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کی ٹیم ماضی میں اسپن پچز کا بھرپور فائدہ اٹھا کر میچز جیتتی رہی ہے، کیونکہ ہوم کنڈیشنز کا فائدہ ہر ٹیم کو حاصل ہوتا ہے۔فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہر قسم کی کنڈیشنز کے لیے تیاری کر رکھی ہے، چاہے اسپن ٹریک ہو یا گرین وکٹ، ٹیم ہر چیلنج کے لیے تیار ہے۔