محکمہ بلدیات پنجاب نے عیدالاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں کی نیلامیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ای-اکشن سسٹم کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سسٹم کے تحت صوبے بھر کی 112 مویشی منڈیاں آن لائن نیلامیوں کا حصہ بنیں گی، جو پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی (PCMMC) کے زیر انتظام ہوں گی۔اس اقدام کا مقصد مویشی منڈیوں کی نیلامیوں کو شفاف، آسان اور جدید بنانا ہے۔ ای-اکشن سسٹم کے تحت بولی میں حصہ لینے کے خواہش مند کنٹریکٹرز کو 13 مئی تک اپنی آن لائن رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی۔ اس کے بعد 21 مئی کو صبح 9 بجے سے نیلامی کا باقاعدہ آغاز ہوگا، جو 23 مئی شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔
نیلامی کے تمام مراحل بشمول بولی کی جمع اور کامیاب بولی دہندگان سے سیکیورٹی رقم کی وصولی ڈیجیٹل طریقے سے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، تمام مالی ادائیگیاں، جیسے رجسٹریشن فیس، آن لائن ہی کی جا سکیں گی، جس سے نیلامی کے عمل میں شفافیت اور آسانی آئے گی۔یہ نظام نہ صرف مویشی منڈیوں کی نیلامیوں کے عمل کو مزید فعال اور جدید بنائے گا، بلکہ محکمہ بلدیات پنجاب کے مختلف اقدامات کی مدد سے عوام کو بھی بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔