تاجر سے لوٹ مار،3 پولیس اہلکار گرفتار

فوٹیج میں پولیس اور ڈولفن اہلکاروں کی مشترکہ کارروائی دیکھی جا سکتی ہے تحقیقات پرعمران، عثمان اور محسن کو گرفتار کر لیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) پرانی انارکلی میں پولیس کے بعض اہلکاروں کی جانب سے پردیسی تاجر کو مبینہ طور پر روک کر تشدد اور لوٹ مار کرنے کا واقعہ پیش آیا ۔ متاثرہ شہری مشتاق احمد جو کاروباری سلسلے میں لاہور آیا تھا،اس نے تھانہ پرانی انارکلی میں مقدمہ درج کر ادیا۔ایف آئی آر کے مطابق پولیس اور ڈولفن فورس کے 5 اہلکاروں نے تاجر کو روکا، تشدد کا نشانہ بنایا اور رقم کا مطالبہ کرتے رہے۔ بعد ازاں اہلکاروں نے تاجر کو ایک اے ٹی ایم مشین پر لے جا کر ایک لاکھ روپے نکلوا لئے اور پھر رہا کر دیا۔واقعہ کی کلوز سرکٹ فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ، جس میں واضح طور پر اہلکاروں کو اے ٹی ایم کے باہر پہرہ دیتے ہوئے اور متاثرہ شہری کو اندر بھیجتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں پولیس اور ڈولفن اہلکاروں کی مشترکہ کارروائی دیکھی جا سکتی ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق، واقعہ کی فوری تحقیقات کی گئیں، جس کے نتیجے میں مقدمہ درج کر کے تین اہلکاروں عمران، عثمان اور محسن کو گرفتار کر لیا گیا ۔ دیگر نامزد اہلکاروں میں آفتاب اور ایک ڈولفن اہلکار شامل ہیں، جن کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔