سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے سینیٹ انتخابات میں تاخیر پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فوری انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو سینیٹ میں نمائندگی سے محروم رکھ کر آئینی بحران پیدا کیا جا رہا ہے۔اسد قیصر نے الزام عائد کیا کہ سینیٹ انتخابات میں تاخیر کے لیے مختلف حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، اور پہلے ہی فضا بنائی گئی کہ سپریم کورٹ نے کیا فیصلہ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی فیصلہ آیا نہیں لیکن انہیں یقین ہے کہ وہ سینیٹ میں اپنی نشستیں بڑھائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کو فنڈز بھی نہیں دیے جا رہے اور سینیٹ انتخابات بھی نہیں کروائے جا رہے، جو کہ صوبے کے ساتھ زیادتی ہے۔ اسد قیصر نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ اگر ان میں کچھ اخلاقیات ہیں تو استعفیٰ دے دیں۔تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ حکومت نے بات چیت کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا، الٹا ہم پر مزید دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے بعد محمود خان اچکزئی سے ملاقات ہوگی اور ہر صوبے میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے گی تاکہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کیا جا سکے۔