فلا ڈیلفیا میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے سخت مقابلے کے بعد پیراگوئے کو 0-1 ،مراکش نے کینیڈا کو 0-3سے شکست دی
فلاڈیلفی،ہیوسٹن (سپورٹس ڈیسک )فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں فرانس نے سخت مقابلے کے بعد پیراگوئے کو 0-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا جبکہ مراکش کینیڈا کو 0-3 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔فلاڈیلفیا میں کھیلے گئے میں فرانس اور پیراگوئے کے درمیان مقابلہ ابتدا ہی سے سنسنی خیز رہا، جہاں پیراگوئے نے مضبوط دفاعی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے فرانسیسی حملوں کو کافی دیر تک ناکام بنائے رکھا، فرانس نے زیادہ تر وقت گیند پر کنٹرول برقرار رکھا، تاہم پیراگوئے کے گول کیپر نے کئی شاندار سیوز کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں برقرار رکھا۔میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول دوسرے ہاف کے 70ویں منٹ میں فرانس کے کپتان کیلیان ایمباپے نے پنالٹی کک پر سکور کیا، ریفری نے وی اے آر جائزے کے بعد فرانس کو پنالٹی ایوارڈ کی، جس میں ایمباپے نے کامیابی سے بال کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔گول کے بعد پیراگوئے نے واپسی کی بھرپور کوشش کی، لیکن فرانسیسی دفاع اور گول کیپر مائیک میگنان نے حریف کو گول کرنے کا کوئی موقع نہ دیا، مقررہ وقت کے اختتام پر فرانس نے 0-1 کی برتری برقرار رکھتے ہوئے اگلے مرحلے میں جگہ پکی کر لی۔یاد رہے کہ پیراگوئے نے گزشتہ مرحلے میں جرمنی کو پنالٹی شوٹ آئوٹ پر شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا، تاہم فرانس کے خلاف وہ اپنی شاندار مہم کو آگے نہ بڑھا سکا، دوسری جانب فرانس مسلسل متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل کی مضبوط امیدواروں میں شامل ہے۔دوسری جانب فیفا ورلڈکپ 2026 کے رائو نڈ آف 16 میں مراکش کی ٹیم کینیڈا کو تین صفر سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔امریکا کے شہر ہیوسٹن میں کھیلے گئے رائو نڈ آف 16 کے پہلے میچ میں مراکش کے مڈ فیلڈر عزالدین اوناحی نے شریک میزبان کینیڈا کے خلاف دوسرے ہاف میں گول کرکے ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلوائی۔مراکش کی جانب سے دوسرا گول بھی عزالدین اوناحی نے کیا اور ٹیم کی برتری 0-2 کردی۔آخری لمحات میں مراکش کا تیسرا گول صفیان رحیمی نے کیا اور ٹیم کی کوارٹر فائنل میں رسائی پر مہر ثبت کردی۔