لاہور(کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہر سوموار کو ہفتہ وار جنرل پریڈز کا باقاعدہ انعقاد کیا جا رہا ہے جنرل پریڈ کا مقصد پولیس اہلکاروں کو الرٹ رکھنا، ڈسپلن کو مضبوط بنانا اور فورس میں اتحاد و بھائی چارے کی فضا قائم رکھنا ہیترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سینئر پولیس افسران نے جنرل پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ پریڈ کے دستوں نے سلامی پیش کی۔ جنرل پریڈ میں پولیس لائنز، ڈولفن فورس، اینٹی رائٹ فورس، ٹریفک پولیس، مجاہد سکواڈ، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو)، لیڈیز پولیس، او سی یو، انویسٹی گیشن ونگ اور آپریشن ونگ کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔سینئر افسران نے پریڈ میں شامل افسران و اہلکاروں کا ٹرن آؤٹ بھی چیک کیا۔ پریڈ میں شامل چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ خواتین اہلکاروں نے بھی بھرپور شرکت کی۔مزید برآں ضلعی افسران نے کوت، موٹر ٹرانسپورٹ ونگ، متفرق اسٹورز، وردی گودام اور دیگر شعبوں کی انسپکشن بھی کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پریڈ کسی بھی فورس کے ڈسپلن کا بہترین مظاہرہ ہوتی ہے، جنرل پریڈ سے افسران و اہلکاروں کی فٹنس برقرار رہتی ہے اور یہ پولیس فورس کی تاریخ، ورثے اور روایات کی عکاسی بھی کرتی ہے۔