اسلام آباد میں واقع ڈپلومیٹک انکلیو کے فلیٹ میں ایک جرمن سفارتکار کی لاش ملی ہے۔
پولیس کے مطابق، لاش کی شناخت تھامس فلڈر کے نام سے ہوئی ہے، جو جرمن سفارت خانے میں سیکنڈ سیکریٹری کے طور پر کام کر رہے تھے۔پولیس حکام نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور تحقیقات جاری ہیں۔ جرمن سفارت خانے کو بھی اس حوالے سے اطلاع دی جا چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سفارتکار کی موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔
پولیس کے مطابق، تھامس فلڈر پہلے بھی ایک مرتبہ معمولی ہارٹ اٹیک کا شکار ہو چکے تھے۔ اطلاعات کے مطابق، دو دن پہلے دفتر نہ پہنچنے پر جرمن سفارت خانے نے ان کے فلیٹ کا دروازہ توڑا، جہاں انہیں مردہ حالت میں پایا گیا۔ اس کے بعد جرمن سفارت خانے کے عملے نے پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔