سیکرٹری جنرل انصاف لیگل فورم کی تبدیلی پر نیا تنازع

بشریٰ بی بی نے قاضی انور کے ذریعے ملک بھر کے وکلا کی فہرست منگوا لی 
 بی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے کسی کو عہدے سے نہیں ہٹایا ، صدر انصاف لیگل فورم 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)سیکرٹری جنرل انصاف لیگل فورم کی تبدیلی پر نیا تنازع سامنے آگیا ۔ صدر آئی ایل ایف کے بیان کے مطابق آئی ایل ایف خیبر پختوانخوا کے ضلعی و تحصیل کے مشاورتی اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے بعد علی زمان خان کو انکے عہدے سے ہٹاکر وقار علی خان کو آئی ایل ایف کا نیا سیکرٹری جنرل نوٹیفائی کیا گیا تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ علی زمان کو ڈی نوٹیفائی کرنے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے آئی ایل ایف کی موجودہ قیادت پر تحفظات کا اظہار کیاتھا اور سینئر وکیل قاضی انور اور مشعل یوسفزئی سے مشاورت کی جس پر انہوں نے وکلاء کی فہرست مانگی ہے ،اسکے ساتھ ساتھ بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کے پیغام رسانی کو محدود کرنے کا بھی کہا ہے،جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے تاحال ایسی خبروں کی تردید کی گئی اور سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے صدر آئی ایل ایف اشتیاق احمد خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے کسی کو عہدے سے نہیں ہٹایا جبکہ انکی جانب سے نوٹیفکیشن شیئر کرتے ہوئے مزید کہا کہ علی زمان کو ضلعی وتحصیلوں کے آن لائن اجلاس میں 31دسمبر کو ہٹایا جبکہ وقار علی خان کا تقرر کیاگیا،تاہم پارٹی کے کسی اعلیٰ عہدیداروں نے اس پر خاموشی اختیار کی ہے۔