برطانوی لڑکے کوملنے والی سزا ناقابل تصور ، امید ہے اپیل میں یہ سزا ختم ہوجائے گی، رکن انسانی حقوق
دبئی (آئی این پی )دبئی میں 17سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے پر 18 سالہ برطانوی نوجوان کو ایک سال قید کی سزا پر جیل بھیج دیا گیا جبکہ لندن میں ان کی رہائی کے لیے مظاہرہ کیا گیا۔بی بی سی رپورٹ کے مطابق وسطی لندن میں احتجاج کیا گیا جہاں مظاہرین نے کہا کہ 18 سالہ مارکوس فکانا کو 17 سالہ برطانوی لڑکی کے ساتھ باہمی رضامندی سے تعلق پر سزا دی گئی، انہیں رہا کیا جائے۔رپورٹ کے مطابق ٹوٹنہم سے تعلق رکھنے والے مارکوس فکانا کو لڑکی کے ساتھ جنسی عمل کے جرم میں ایک سال کی سزا دی گئی ہے اور وہ اس وقت جیل میں ہے۔مزید بتایا گیا کہ واقعے کے وقت لڑکی 17 سالہ تھی اور اب وہ 18 سال کی ہوگئی ہیں اور اس وقت دونوں چھٹیاں منانے کے لیے دبئی آئے تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ لڑکی کی والدہ نے برطانیہ واپسی کے بعد دونوں کے درمیان ہونے والی پیغام رسانی دیکھ کر دبئی حکام کو مطلع کیا۔دبئی میں باہمی رضامندی کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے لیے 18 سال عمر کی حد مقرر ہے، اسی لیے برطانوی لڑکے کو کم عمری میں جنسی تعلقات کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔دوسری جانب دبئی میں قید لڑکے کی رہائی کے لیے برطانیہ کے علاقے ویسٹ منسٹر میں ان کے دوست اور خاندان کے ارکان جمع ہوئے اور فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔