لاہور(خصوصی رپورٹ) کشمیرسنٹرلاہور کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر دستخطی مہم کا انعقاد پنجاب اسمبلی کے سامنے کیا گیا۔ دستخطی مہم صبح سے شام تک جاری رہی جس میں سیاسی قیادت، حریت رہنما ئوں، سماجی و مذہبی جماعتوں کے رہنما ئوں، سول سوسائٹی کے اراکین، عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں اور بھارتی ظلم وجبر کی مذمت کرتے ہوئے دستخط کیے۔ دستخطی مہم کے دوران کشمیرسنٹرکے کیمپ میں سارا دن عام شہری آکر مقبوضہ جموں وکشمیر کے موجودہ حالات کے بارے میں دریافت کرتے رہے۔ کیمپ میں جموں وکشمیر لبریشن سیل کی مطبوعات کا سٹال بھی لگایاگیا اور شرکاء کیمپ کو بڑی تعداد میں لٹریچر تقسیم کیا گیا۔