عمران کی بہنوں پر جملے کسنے والوں کیلئے پارٹی میں جگہ نہیں، گوہر

آٹھ فروری کو احتجاج رضاکارانہ ہوگا، یہ دن جمہوریت کیلئے بڑا سیاہ دن ہے
ہمارے چیئرمین عمران خان آج بھی ہیں کل بھی رہیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ )چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرِ نے کہا ہے عمران خان کی فیملی پر تنقید پارٹی پالیسی کے خلاف ہے، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں پر جملے کسنے والوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آٹھ فروری کو ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کی اپیل ہے، پورے پاکستان سے عوام کو احتجاج میں شامل ہونے کی درخواست کی گئی ہے، کے پی کے یا پنجاب کی تخصیص نہیں، احتجاج پورے ملک میں ہوگا۔بیرسٹر گوہرِ کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو احتجاج رضاکارانہ ہوگا، کسی پر زور زبردستی نہیں، آٹھ فروری کا دن جمہوریت کے لیے ایک بڑا سیاہ دن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی پر تنقید پارٹی پالیسی کے خلاف ہے، پارٹی رہنمائوں کو ضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔