گورنر پنجاب کا دیہاتوں میں رینجرز کی جانب سے کسانوں کو ہراساں کرنے کی مذمت

گورنر پنجاب کا دیہاتوں میں رینجرز کی جانب سے کسانوں کو ہراساں کرنے کی مذمت

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کسانوں کے خلاف رینجرز کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

 انہوں نے کسانوں کی پریشانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کھاد کی مہنگائی اور بجلی کے زائد بلوں کی وجہ سے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔پاکستان کسان اتحاد کے وفد سے ملاقات کے دوران گورنر نے کہا کہ کسانوں کے گھروں پر چھاپے، ٹرانسفارمرز اتارنا اور بلاوجہ پریشانی پیدا کرنا قابل افسوس ہے، اور رینجرز کے ذریعے ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کسانوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھائی ہے اور اس کے رہنماؤں کی قیادت میں زرعی اصلاحات کی گئیں، جن سے کسانوں کو فائدہ پہنچا۔ گورنر پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وزیراعظم، بلاول بھٹو اور صدر سے ملاقات کے دوران کسانوں کے مسائل پر بات کریں گے اور پیپلز پارٹی ان کی حمایت جاری رکھے گی۔