پنجاب حکومت نے دیہی ترقی کے بڑے منصوبے کا آغاز کرتے ہوئے صوبے کے 2400 دیہاتوں کو عالمی معیار کے مطابق ماڈل ویلج میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماڈل ویلج پروجیکٹ کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جبکہ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کو اس منصوبے کی نگرانی اور عملدرآمد کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے 800 دیہاتوں کے لیے حکومتِ پنجاب براہِ راست فنڈز فراہم کرے گی، جبکہ باقی 1600 دیہاتوں کے لیے ورلڈ بینک کی جانب سے مالی معاونت حاصل کی جائے گی۔ ماڈل ویلجز پروجیکٹ کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کیا جائے گا اور اس کے لیے خاطرخواہ فنڈز مختص کیے جائیں گے۔
ماڈل ویلج پروجیکٹ کے تحت دیہاتوں میں گلیوں کی تعمیر، صفائی کا مربوط نظام، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، واٹر سپلائی لائنز، سٹریٹ لائٹس، اور دیگر بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔پنجاب حکومت اس منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کرے گی اور ہدف ہے کہ صوبے کے 60 فیصد سے زائد دیہاتوں کو ماڈل ویلج میں تبدیل کیا جائے۔ اس اقدام سے دیہی معیارِ زندگی بہتر ہونے اور شہری و دیہی فرق کم ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔