شہدا کے بچوں اور بیوہ کی بھرتیوں سے متعلق نیا ترمیمی رول جاری

شہدا کے بچوں اور بیوہ کی بھرتیوں سے متعلق نیا ترمیمی رول جاری

خیبر پختونخوا حکومت نے شہدا کے بچوں اور بیوہ کی بھرتیوں سے متعلق ایک نیا ترمیمی رول جاری کیا ہے جس کے مطابق دہشتگردی میں شہید سرکاری ملازمین کے بچوں یا بیوہ کو براہ راست تقرری کی اجازت دی گئی ہے۔

 اس نوٹیفکیشن کو اسٹیبلشمنٹ ڈپارٹمنٹ نے باقاعدہ طور پر جاری کیا ہے۔ترمیم کے مطابق، شہید سرکاری ملازمین کے بچے یا بیوہ، صوبائی کیڈر میں گریڈ 3 سے 11 اور ضلعی کیڈر میں گریڈ 3 سے 12 تک براہ راست تقرری کے اہل ہوں گے۔ اگر شہید ملازم کا بچہ عمر پوری نہ کرے تو بیوہ کو ترجیحی بنیادوں پر نوکری دی جائے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق، تعیناتی کے لیے متعلقہ پوسٹ کی کم از کم تعلیمی قابلیت لازمی قرار دی گئی ہے، اور اگر ایک سے زیادہ بیویاں ہیں تو بزرگ بیوہ کو ترجیح دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، اگر امیدوار کے پاس متعدد آسامیاں دستیاب ہوں تو اسے زیادہ گریڈ والی آسامی دی جائے گی۔

مزید برآں، یہ قانون صرف ان خالی آسامیوں پر لاگو ہوگا جو دستیاب ہوں، اور یہ پبلک سروس کمیشن کے دائرہ کار میں آنے والی پوسٹوں پر لاگو نہیں ہوگا۔ یہ اقدام شہداء کے خاندانوں کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی مالی و سماجی حمایت کے لیے کیا گیا ہے۔