ڈی جی آئی ایس پی آر کا پی ٹی آئی پر پابندی کا بیان ‘ حکومت غور کرے گی طلال چودھری

 پی ٹی آئی اگر سیاست کرے تو عمران خان سے الگ ہو جائے،فوج نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا،عمران خان وہی کر رہے ہیں جو الطاف حسین کرتے تھے
دہشتگردوں نے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر تمام جماعتوں پر حملہ کیا، لہذا ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی کے درمیان کوئی نہ کوئی رشتہ ضرور ہوگا :وزیر مملکت
اسلام آباد( آن لائن )وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے  ڈی جی آئی ایس پی آر کے پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق بیان پر حکومت غور کرے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر مملکت نے کہا کہ فوجی ترجمان نے وہی بات کی جو پورا پاکستان سوچ رہا ہے اور فوج نے بہت صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے ۔طلال چودھری نے کہا ک پی ٹی آئی اگر سیاست کرنا چاہتی ہے تو عمران خان سے خود کو الگ کرے ، کیونکہ عمران خان نے ہر ادارے کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان وہی کر رہے ہیں جو الطاف حسین کرتے تھے ، اور وقت آنے پر ایم کیو ایم نے اپنے بانی سے الگ ہو کر خود کو سیاست سے الگ کر لیا تھا۔وزیر مملکت نے کہا کہ  دہشتگردوں نے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر تمام جماعتوں پر حملہ کیا، لہذا ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی کے درمیان کوئی نہ کوئی رشتہ ضرور ہوگا ۔ انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  انہوں نے آج تک اسرائیل کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا  اور 20 سے 25 سال پہلے بہت سے لوگوں نے انہیں  ‘‘پلانٹڈ شخص  قرار دیا تھا۔