ارطغرل کے اداکار جلال آل کا پاکستان آنے کا اعلان، مداحوں کیلئے سرپرائزز کا وعدہ

ارطغرل کے اداکار جلال آل کا پاکستان آنے کا اعلان، مداحوں کیلئے سرپرائزز کا وعدہ

ترک اداکار جلال آل، جو مقبول تاریخی ڈرامہ دریلیش: ارطغرل میں عبدالرحمٰن الپ کے کردار سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کر چکے ہیں، نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

جلال آل نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری کے ذریعے پاکستانی مداحوں کے نام خصوصی پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے پاکستان واپسی کی خوشخبری سنائی۔اپنے پیغام میں ترک اداکار نے لکھا کہ "میرے پیارے پاکستانی بھائیوں اور بہنو! میں آپ سب کو بہت یاد کرتا ہوں، میں بہت جلد پاکستان واپس آ رہا ہوں اور آپ سب کے لیے بہت سے سرپرائزز بھی لے کر آؤں گا۔ کیا آپ پاکستان میں اس شاندار ملاقات کے لیے تیار ہیں؟"انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں "دل دل پاکستان، جان جان ترکیہ" بھی تحریر کیا، جس سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور ثقافتی تعلقات کا اظہار کیا گیا۔جلال آل کے مطابق ان کا دورہ پاکستان ایک معروف ترک برانڈ کے سلسلے میں ہوگا، تاہم انہوں نے دورے کی تاریخ اور دیگر تفصیلات فی الحال شیئر نہیں کیں۔واضح رہے کہ کورونا وبا کے دوران ترک تاریخی ڈرامہ دریلیش: ارطغرل کو پاکستان میں نشر کیا گیا تھا، جس کے بعد اس ڈرامے اور اس کے اداکاروں کو پاکستانی ناظرین میں غیرمعمولی مقبولیت حاصل ہوئی۔ عبدالرحمٰن الپ کے کردار نے جلال آل کو پاکستان میں خاص پہچان دی اور ان کے پہلے دوروں کے دوران بھی مداحوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

جلال آل نہ صرف دریلیش: ارطغرل بلکہ 2012 میں ریلیز ہونے والی تاریخی فلم فتح 1453 میں بھی اداکاری کر چکے ہیں۔ وہ ایوارڈ یافتہ مختصر فلم Zemberek کے شریک پروڈیوسر بھی رہے ہیں۔اداکاری کے علاوہ جلال آل فلاحی سرگرمیوں میں بھی متحرک ہیں اور ترک ریڈ کریسنٹ سمیت مختلف عالمی امدادی اداروں کے ساتھ انسانی خدمت کے منصوبوں میں حصہ لیتے رہے ہیں۔ ان کی پاکستان آمد کے اعلان کے بعد پاکستانی مداحوں میں ایک بار پھر جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔