جولائی میں ملک بھر میں معمول سے 11 فیصد کم بارش، گرمی کی شدت بھی بڑھ گئی

جولائی میں ملک بھر میں معمول سے 11 فیصد کم بارش، گرمی کی شدت بھی بڑھ گئی

محکمہ موسمیات نے جولائی 2026 کے دوران ملک بھر میں بارشوں اور درجہ حرارت سے متعلق رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ملک میں گزشتہ ماہ معمول سے 11 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ رہا۔

اعلامیے کے مطابق جولائی کے دوران پاکستان میں اوسطاً 54.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق سندھ میں معمول سے 61 فیصد اور بلوچستان میں 41 فیصد کم بارش ہوئی، جبکہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارشیں تقریباً معمول کے مطابق رہیں۔دوسری جانب گلگت بلتستان میں معمول سے 108 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پنجاب میں بھی جولائی کے دوران بارشیں معمول سے 13 فیصد زیادہ رہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی میں پاکستان کا اوسط درجہ حرارت معمول سے 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں اوسط درجہ حرارت معمول سے 1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا، جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں اور درجہ حرارت کے یہ اعداد و شمار ملک کے مختلف علاقوں میں موسمی رجحانات میں نمایاں فرق کی عکاسی کرتے ہیں۔