نیوزی لینڈ کے سابق مایہ ناز بیٹر راس ٹیلر دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے، تاہم اس بار وہ نیوزی لینڈ نہیں بلکہ اپنے آبائی ورثے کی بنیاد پر سموا (Samoa) کی نمائندگی کریں گے۔
راس ٹیلر آئندہ ماہ عمان میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایشیا-ای اے پی کوالیفائر میں سموا کی جانب سے میدان میں اتریں گے۔ اس ایونٹ میں سموا ایسٹ ایشیا پیسفک ریجن کی 9 ٹیموں میں شامل ہے اور گروپ مرحلے میں اس کا مقابلہ عمان اور پاپوا نیو گنی سے ہوگا۔راس ٹیلر رواں برس کے اوائل میں آئی سی سی کے اہلتی قوانین کے تحت سموا کی نمائندگی کے اہل ہوئے تھے، وہ اپنی والدہ کی وجہ سے ساموائی پاسپورٹ رکھتے ہیں۔اس موقع پر راس ٹیلر نے کہا:"مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ اب میں سموا کی نمائندگی کروں گا۔ یہ میری کھیل سے محبت اور اپنے ورثے، ثقافت، گاؤں اور فیملی سے وابستگی کا ثبوت ہے۔ میں بہت پُرجوش ہوں کہ مجھے ایک بار پھر کھیل کے لیے کچھ کرنے کا موقع ملا ہے۔"
یاد رہے کہ راس ٹیلر نیوزی لینڈ کی جانب سے 112 ٹیسٹ، 236 ون ڈے اور 102 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں اور انہوں نے اپریل 2022 میں آخری مرتبہ نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی تھی۔ وہ نیوزی لینڈ کے کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں اور ٹیم کی کئی بڑی فتوحات میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، جس کے لیے مختلف خطوں کی ٹیمیں کوالیفائر ایونٹس کھیل رہی ہیں۔