امن احتجاج کے دوران ٹرین و جہاز سروسز معطل ہوں گی:محمود خان اچکزئی کی رہنمائوں کیساتھ پریس کانفرنس
کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دو ستمبر کو سریاب روڈ پر ہوئے خودکش حملے کے خلاف سیاسی جماعتوں نے 8 ستمبر کو صوبے بھر میں پہیہ جام اور شٹر ڈان ہڑتال کا اعلان کردیا۔اس بات کا اعلان سیاسی جماعتوں نے کوئٹہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔پریس کانفرنس میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سردار اختر مینگل، نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل کبیر محمد، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر داود شاہ کاکڑ اور مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ ولایت حسین جعفری شامل تھے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب خودکش حملہ انسانیت کے قتل کے مترادف ہے، جیسا کہ قرآن کریم میں ارشاد ہے کہ ایک بے گناہ کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہم نے کیا جرم کیا کہ ہمارے بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے؟ انہوں نے زور دیا کہ جلسہ کرنا آئینی حق ہے اور وہ ڈنکے کی چوٹ پر جمہوریت کے حق میں نعرے لگاتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے لیکن وسائل پر مقامی لوگوں کا اولین حق تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 8 ستمبر کو پرامن احتجاج کے دوران ٹرین و جہاز سروسز معطل ہوں گی تاکہ دنیا کو پیغام دیا جائے کہ ہم اس ملک اور اس کی سڑکوں کے مالک ہیں۔سردار اختر مینگل نے کہا کہ یہ دھماکا سیاسی جدوجہد کو دبانے کی سازش ہے لیکن وہ خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے حکومتی ناکامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر خطرے کی اطلاع تھی تو ہاکی گرانڈ میں جلسے کی اجازت کیوں نہ دی گئی؟ انہوں نے میڈیا سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سول اسپتال سے وہیل چیئرز کی چوری تو دیکھتا ہے لیکن انسانی جانوں کا زیاں نظر نہیں آتا۔انہوں نے تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور دیگر شعبوں سے 8 ستمبر کے احتجاج کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔