واشنگٹن: امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اپنی دیرینہ ساتھی اور کنٹری گلوکارہ الیکسس ولکنز سے منگنی کرلی۔
27 سالہ الیکسس ولکنز نے اتوار کو سوشل میڈیا پر منگنی کا اعلان کرتے ہوئے کاش پٹیل کے ساتھ تصویر شیئر کی، جس میں وہ ہیرے کی انگوٹھی دکھاتی نظر آئیں۔ الیکسس ولکنز نے تصویر کے ساتھ دلچسپ کیپشن میں لکھا، ’’ہم قانون کو درمیان میں لے آئے۔‘‘کاش پٹیل نے بھی الیکسس ولکنز کی پوسٹ دوبارہ شیئر کرتے ہوئے دل اور انگوٹھی کے ایموجیز استعمال کیے۔رپورٹس کے مطابق کاش پٹیل اور الیکسس ولکنز کی پہلی ملاقات 2022 میں نیش وِل میں ایک دوست کی تقریب کے دوران ہوئی تھی، جبکہ دونوں نے 2023 میں باقاعدہ ڈیٹنگ شروع کی۔
فروری 2025 میں کاش پٹیل کے ایف بی آئی ڈائریکٹر کا منصب سنبھالنے کے بعد دونوں کے تعلقات نے خاصی توجہ حاصل کی۔ اس دوران سرکاری طیارے کے مبینہ ذاتی استعمال اور الیکسس ولکنز کے ساتھ عوامی تقریبات میں شرکت سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے۔دونوں کی منگنی کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مختلف تبصرے سامنے آئے ہیں۔