سندھ میں 15 جون سے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی، سخت کارروائی کا عندیہ

سندھ میں 15 جون سے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی، سخت کارروائی کا عندیہ

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں 15 جون 2025 سے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی نے جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی ہر قسم کے نان ڈیگریڈیبل، اوکسو ڈیگریڈیبل، بلیک اور ری سائیکلڈ پلاسٹک بیگز پر لاگو ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنا اور ماحول دوست متبادل کی طرف عوام کو راغب کرنا ہے۔محکمہ ماحولیات کے سیکریٹری آغا شاہنواز نے کہا کہ 2019 میں جزوی پابندی لگائی گئی تھی، لیکن اب سندھ پروہیبیشن آف نان ڈیگریڈیبل پلاسٹک پروڈکٹس رولز 2014 میں ترمیم کے بعد مکمل بین نافذ کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ:

"صرف ماحول دوست بیگز کی اجازت دی جائے گی، اور خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ یہ صرف ایک اعلان نہیں، بلکہ مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔"انہوں نے مزید کہا کہ پلاسٹک بیگز ماحولیاتی تباہی کی بنیادی وجہ ہیں، لہٰذا اس پر قابو پانے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی اپنی قومی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پالیسی پر مکمل عمل کریں اور ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔