کریک ڈا ئون ، 15بٹیر ،20تیتر کے بچے بر آمد

 غیر قانونی تجارت اور سمگلنگ کے خلاف کومبنگ آپریشن ،کوٹ مومن سے چھ تیتر کے بچے لاہور منتقل کرنے کی کوشش ناکام 
لاہور (خصوصی رپورٹ)محکمہ وائلڈ لائف کا صوبہ بھر میں جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت اور سمگلنگ کے خلاف کومبنگ آپریشن جاری ہے۔وائلڈ لائف پنجاب کی ٹیموں نے لاہور سمیت تین اضلاع خوشاب، بھکر اور لیہ میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 15بٹیر اور 20بھورے و کالے رنگ کے تیتر کے بچے بر آمد کرلیے۔کوٹ مومن سے بذریعہ ٹرانسپورٹ چھ تیتر کے بچوں کو لاہور منتقل کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا، بر آمد شدہ پرندوں کو جلو وائلڈ لائف پارک منتقل کردیا گیا ہے۔مزید کارروائیوں کے دوران نور پور تھل سے 8، بھکر سے 2اور لیہ سے 4تیتر کے بچے بر آمد ہوئے جنہیں منی زو بھکر منتقل کر دیا گیا۔ خوشاب کی تحصیل نور پور تھل سے ایک ڈیلر کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بریڈنگ سیزن کے دوران جنگلی پرندوں کو نیٹنگ کے ذریعے پکڑ کر فروخت کرنے والے پوچرز کے خلاف سخت کریک ڈا ئون جاری ہے۔ صوبے کے تمام ریجنز میں غیر قانونی شکار اور خرید و فروخت کے خلاف م ئوثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔