لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے قیامِ امن کیلئے ناجائز اسلحہ اور ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں گزشتہ تین ماہ میں 3386ملزمان کوگرفتارکر کے3305مقدمات کا اندراج کیا گیاہییہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ ہوائی فائرنگ کے245ملزمان کو گرفتارکر کے 209مقدمات کا اندراج کیا گیاہے۔اسی طرح ناجائز اسلحہ کے3141ملزمان کی گرفتاری عمل میں لا کر شہر کے مختلف تھانوں میں 3096مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 26کلاشنکوف،164رائفلیں،108گنیں، 2756ریوالوربرآمد ہوئے ہیں۔ کینٹ ڈویڑن میں ناجائز اسلحہ اور ہوائی فائرنگ کے653سول لائنز میں 318، سٹی میں 663، اقبال ٹاؤن میں 405صدر میں 791، ماڈل ٹاؤن میں 556ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ محفوظ اور پرامن معاشرے کے قیام کیلئے قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ ڈیلر اور اسلحہ مرمت کرنے کا لائسنس نہ رکھنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔سی سی پی او لاہور نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ اور ہوائی فائرنگ کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والوں کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ کی خریدوفروخت کرنے والے افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانون شکنی کے مرتکب افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی تشہیر اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری قانون کے احترام کو اپنا شعار بنائیں، غیر قانونی سرگرمیوں سے گریز کریں۔