شان ٹیٹ بنگلا دیش کے فاسٹ بولنگ کوچ کے عہدے سے مستعفی

لاہور(سپورٹس ڈیسک )بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ اور سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ نے آسٹریلیا کے خلاف ملٹی فارمیٹ سیریز سے قبل بنگلا دیش کے فاسٹ باؤلنگ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔بنگلا دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق فاسٹ بولر طلحہ جبیر کو عارضی طور پر فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کر دیا گیا۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے آپریشنز چیئرمین شہریار نفیس نے بھی اس تقرری کی تصدیق کی ہے۔اس سے قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ایک اعلامیے میں شان ٹیٹ کی علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کوچ نے اپنی ذاتی مصروفیات اور حالات سے متعلق بورڈ کو آگاہ کیا تھا۔بی سی بی کے مطابق شان ٹیٹ مختصر مدت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کے خواہاں تھے، تاہم باہمی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان کا عہدہ چھوڑ دینا ہی موزوں راستہ ہوگا۔ بورڈ نے کہا کہ یہ فیصلہ خوش اسلوبی اور باہمی اتفاقِ رائے سے کیا گیا ہے۔