مبینہ مقابلے،1 ملزم ہلاک ،2زخمی

 سی سی ڈی ماڈل ٹائون پولیس زیر حراست شکیل کو ریکوری کیلئے لے جا رہی تھی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا
 پیکو روڈ اور جیا بگا میں بھی 2ڈاکو زخمی حالت میں پکڑے گئے، فرار ساتھیوں کی تلاش کیلئے پولیس کارروائیاں جاری
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران ایک زیر حراست ملزم ہلاک جبکہ دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ ذرائع پولیس کے مطابق نشتر کالونی کے علاقے میں سی سی ڈی ماڈل ٹائون پولیس ایک زیر حراست ملزم شکیل کو ریکوری کے لیے لے جا رہی تھی کہ اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شکیل اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔ لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب لیاقت آباد کے علاقے میں پیکو روڈ پر ناکہ بندی کے دوران پولیس نے تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو آشفاق اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جبکہ دیگر دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ڈکیتی اور چوری کے مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔ رائیونڈ کے علاقے جیا بگا میں بھی پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو امیر حمزہ زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ناکے پر رکنے کے بجائے فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کی، تعاقب کے دوران ایک ملزم اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ گرفتار ملزم کے خلاف ڈکیتی سمیت دیگر سنگین مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے تینوں واقعات میں فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ اور چھاپہ مار کارروائیاں تیز کر دی ہیں جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر متعلقہ علاقوں میں گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔