بسنت کے موقع پر، چھ سے سات فروری کو بھی عدالتوں میں معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت جاری رہے گی۔
مقامی چھٹیوں کے باوجود عدالتیں کھلی رہنے کی وجہ سے وکلاء اور لاء افسران کو مشکلات کا سامنا ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے چھ فروری بروز جمعہ کے لیے کاز لسٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق چیف جسٹس عالیہ نیلم سمیت 22 ججز مقدمات کی سماعت کریں گے۔ اس میں جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس مسعود عابد نقوی بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ جسٹس شاہد کریم، جسٹس ساجد محمود سیٹھی، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس عاصم حفیظ، جسٹس محمد امجد رفیق، جسٹس محمد رضا قریشی، جسٹس خالد اسحاق، جسٹس ملک محمد اویس خالد سمیت دیگر ججز بھی مقدمات کی سماعت کریں گے۔
لاء افسران کا کہنا ہے کہ تمام سرکاری محکموں میں چھٹی ہونے کے باعث افسران پیشیوں کے لیے کیسے آئیں گے، پولیس افسران اور موٹر سائیکل پر عدالت آنے والے وکلاء کو مشکلات کا سامنا ہوگا۔لاء افسران نے مزید کہا کہ حکومتی چھٹیوں کے باوجود وکلاء اور سائلین عدالتوں میں پیش ہونے پر مجبور ہوں گے، جس سے عدالتی نظام میں انتظامی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔