تمام دفاتر سے مستفید ملازمین، ریٹائرڈ عملے اور بقایاجات کی فہرستیں طلب
2004 سے اب تک د ئیے گئے5 کروڑ کے الائونسز پر آڈیٹر جنرل کا اعتراض
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پاکستان پوسٹ نے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کو گزشتہ برسوں میں د ئیے گئے تین الائونسز کی مد میں پانچ کروڑ روپے سے زائد رقم کی ریکوری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ رقم 2004 سے اب تک د ئیے گئے الائونسز میں اضافے اور ایک نئے الائونس کی منظوری سے متعلق ہے، جس پر آڈیٹر جنرل پاکستان نے اعتراض اٹھایا تھا۔مراسلے کے مطابق پوسٹل آپریشنل الائونس میں 200 روپے ماہانہ اور گریڈ 6 کے کمپنسٹری الائونس میں 150 روپے ماہانہ اضافہ کیا گیا تھا، جبکہ گریڈ 1 تا 15 کے ملازمین کیلئے گْڈ پرفارمنس الائونس 115 روپے ماہانہ متعارف کرایا گیا تھا۔ آڈیٹر جنرل کا مئوقف ہے کہ یہ اضا فہ اور نیا الائونس منظورشدہ قواعد کے مطابق نہیں اس لئے پوری رقم کی ریکوری کی جائے۔ جس پر پاکستان پوسٹ ہیڈ کوارٹر زنے ملک بھر کے دفاتر سے ان الائونسز سے فائدہ اٹھانے والے ملازمین کی تعداد، دی گئی رقم، ریٹائرڈ عملے کی فہرست، بقایاجات اور ریکوری کے قابل مجموعی رقم کی تفصیلات فوری طور پر طلب کر لی ہیں،ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ سمیع اللہ خان سے ریکوری فیصلے اور آڈیٹر جنرل کے اعتراضات پر مئوقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم انہوں نے جواب نہیں دیا۔