عبداللہ شفیق کی بیٹنگ دیکھنے کے لیے بے چین ہوں، آئن بشپ کا بڑا اعتراف

عبداللہ شفیق کی بیٹنگ دیکھنے کے لیے بے چین ہوں، آئن بشپ کا بڑا اعتراف

پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق کی شاندار فارم کے بعد اب کرکٹ حلقوں کی نظریں آئندہ انگلینڈ سیریز میں ان کی کارکردگی پر مرکوز ہیں، جہاں انہیں مشکل کنڈیشنز میں اپنی صلاحیتوں کا امتحان دینا ہوگا۔

ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر اور معروف کرکٹ تجزیہ کار آئن بشپ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز ہر بیٹر کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوتی ہیں، تاہم عبداللہ شفیق کا پُرسکون مزاج اور مضبوط تکنیک انہیں اس امتحان میں کامیاب ہونے میں مدد دے سکتی ہے۔آئن بشپ کے مطابق عبداللہ شفیق ایک ذمہ دار اور تحمل مزاج بیٹر ہیں، جو دباؤ میں بھی اپنی وکٹ کی قدر کرتے ہوئے لمبی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ عبداللہ شفیق ماضی میں یارکشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے انگلینڈ میں چند میچز کھیل چکے ہیں، جس سے انہیں وہاں کی وکٹوں اور ماحول کا کچھ تجربہ حاصل ہے، تاہم انگلینڈ میں مستقل بنیادوں پر عمدہ کارکردگی دکھانا ہر بیٹر کے لیے ایک مشکل امتحان ہوتا ہے۔واضح رہے کہ عبداللہ شفیق کو کپتان شان مسعود کی انجری کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔انہوں نے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلی اننگز میں 160 رنز کی ناقابلِ شکست تاریخی اننگز کھیلی اور ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر 49 سال بعد 150 سے زائد رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے۔