وزیراعلیٰ پنجاب سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے صدر کا وفد کے ہمراہ اہم ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے صدر کا وفد کے ہمراہ اہم ملاقات

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر اکیہیکو تاناکا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پنجاب میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لاہور آمد پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جائیکا کے وفد کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں پنجاب میں جاری جائیکا کے مختلف ترقیاتی منصوبوں، عوامی ترجیحی شعبوں میں تعاون کے امکانات اور مستقبل کے مشترکہ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران فیصل آباد کے واٹر سپلائی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق منصوبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں زچہ و بچہ کی صحت کے شعبے میں جائیکا کے تعاون کو سراہا گیا، جبکہ تعلیم کے فروغ، بالخصوص بچیوں اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کو اسکولوں میں لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی ترقی میں جائیکا کا کردار قابلِ قدر ہے اور ادارے نے مختلف شعبوں میں مؤثر ترقیاتی خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جائیکا کی جانب سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوامی فلاح کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔اس موقع پر جائیکا کے صدر ڈاکٹر اکیہیکو تاناکا نے کہا کہ ادارہ پنجاب حکومت کے ساتھ انسانی وسائل کی ترقی، تعلیم، صحت اور دیگر ترجیحی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔